لاہور (این این آئی) سابق کرکٹرز نے مصباح الحق کے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد قومی کرکٹ کیلئے ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ
مصباح الحق کی پاکستان کرکٹ کے لیے بڑی خدمات ہیں،اپنے ہیرو کو اچھے انداز میں الوداع کرنا چاہیے۔سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا کہ مصباح الحق کی پاکستان کرکٹ کے لیے بڑی خدمات ہیں،اپنے ہیرو کو اچھے انداز میں الوداع کرنا چاہیے۔ بین الاقوامی سطح پر مصباح کی خدمات کا اعتراف کیا گیا ہے،اب ہمیں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو مصباح کو اچھی طرح سے رخصت کرنا چاہیے۔مصباح نے پاکستان کو سب سے زیادہ میچز جتوائے ہیں۔وزڈن میں مصباح کا نام آنا بھی اعزاز ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد جس طرح مصباح نے ٹیم کو اٹھایا بڑا کردار ہے۔سابق کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ مصباح الحق شاید پہلے پاکستانی ہوں گے جس نے ریٹائرمنٹ کا سیریز سے پہلے اعلان کیا۔انہوں نے مصباح کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق کا کپتان کی حیثیت سے ریکارڈ شاندار رہا۔محمد یوسف نے مصباح الحق کو کامیاب کرکٹ کیریئر پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دور کپتانی میں پاکستان کرکٹ کو زیادہ مشکلات نہیں ہوئیں۔کپتان وہی اچھا ہوتا ہے جس کی ٹیم اچھی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر کھلاڑیوں کو موقع ملے گا تو ٹیلنٹ نکھر کر سامنے آئے گا۔