لاہور (آئی این پی )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے چیئر مین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے فائنل کے کامیاب انعقاد پر قوم نے ثابت کر دیا کہ پاکستانیوں کو کرکٹ کھیلنی اور کھیلانی آتی ہے ، پی ایس ایل فائنل کی جیت پاکستان کی جیت ہے،قوم نے دنیا کے سامنے ثابت کر دیا کہ ہم متحد ہیں،ہم کسی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے، شائقین کرکٹ کاعزم نہ ہوتاتوپی ایس ایل یہاں نہ ہوتا، عوام کی حمایت کے بغیرفائنل کاانعقادممکن نہیں تھا، بین الاقوامی کھلاڑیوں کا بے حد مشکور ہوں ۔
وہ اتوار کو قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔قبل ازیں شائقین کرکٹ نے نجم سیٹھی کے آنے پر دل کھول کر انکا استقبال کیا اور ان کے حق میں نعرے بازی بھی کی ۔ نجم سیٹھی نے عوام سے گفتگو شروع کی تو عوام نے نعروں کے ذریعے نجم سیٹھی کی ہمت کو سراہا اور پاکستان میں کرکٹ واپس لانے پر نعروں کے ذریعے شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر نجم سیٹھی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں زندہ دلا ن لاہو ر اورزندہ دلان پاکستان کا شکر گزار ہوں ،سب کا بہت شکریہ آپ نے ہماری حوصلہ افزائی۔یہ پی ایس ایل ایونٹ پاکستانی قوم کا ہے ، آپ سب کی حمایت نہ ہوتی تو آج جو میلہ سجا ہوا ہے یہ ناممکن تھا اور امید کرتا ہوں کہ آئندہ بھی شائقین کی حمایت ملتی رہے گی۔انہوں نے کہا پوری دنیا کو کہتا ہوں پاکستانی پرامن قوم ہے کرکٹ کھیلنی اور کھلانی بھی آتی ہے۔آج یہاں پر موجود ملک کے تمام حصوں سے آئے ہوئے لوگ اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی عوام متحد ہے۔ میں اپنی ٹیم اور پنجا ب کی انتظامیہ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے دن رات کام کیا اورخصوصاََ شہباز شریف کا ممنون ہوں جنہوں نے ہر ممکن کوشش کی کہ میچ پرامن ماحول میں ہو اور ان کی یہ کوشش کامیاب ہوئی۔ نجم سیٹھی کا آخر میں کہنا تھا کہ اس میچ کو قوم کیساتھ ساتھ تمام سیاسی جماعتوں کی بھی ہمدردیاں ہیں۔اگر سب لوگ مجھے نہ کہتے کہ میچ لاہولے کر چلیں تو شاید آج سے میلہ دیکھنے کو نہ ملتا۔