لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پی سی بی کی ایگزیکٹوکمیٹی کے چیرمین اورپاکستان سپر لیگ کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ جائلز کلارک نے پاکستان میں سیکیورٹی کو قابل ستائش قرار دیا ، پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی کھیلا جائے گا ، پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ وہ سٹیڈیم آ کر میچ دیکھیں۔
پاکستان سپر لیگ کے سربراہ نجم سیٹھی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں سپانسر کی کمی نہیں ، پہلے سے کہیں بڑے سپانسر پی ایس ایل میں شامل ہو رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ گزشتہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں دنیا بھر سے پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس مرتبہ بھی افتتاحی تقریب کی ہر جگہ دھوم ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ ملک میں عالمی کرکٹ کو بحال کیا جائے اور اس میں صوبائی حکومت کی بھی ہمیں معاونت حاصل ہے ، اسی لیے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں منعقد کر رہے ہیں۔آئی سی سی کے نمائندے جائلز کلارک نے جب لاہور کا دورہ کیا تو ان کو پنجاب حکومت کی طرف سے سیکیورٹی کی مکمل تفصیلات فراہم کیں جس کو جائلز کلارک نے سراہا تھا۔پی ایس ایل کے بارے میں بے بنیاد افواہیں پھیلائی گئیں ، وہ دن دور نہیں جب بہت بڑے سپانسرز بھی شامل ہوں گے ، سپانسرز کے بغیر پی ایس ایل کا انعقاد ممکن نہیں تھا۔نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل پوری قوم کا اثاثہ ہے ، پی ایس ایل میں نئے سپانسر کی آمد قابل تعریف ہے ، پاکستانی عوام سٹیڈیم میں آ کرمیچ دیکھیں ، مشکل حالات کے باوجود پاکستانی معیشت بہتر ہو رہی ہے۔پاکستان کرکٹ کا گھر اور لاہور دروازہ ہے ، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہدف ہے ، انشاءاللہ اسی سال غیرملکی ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔