ویلنگٹن(آئی این پی) نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم نے عمدہ شراکت کی بدولت کئی ریکارڈ پاش پاش کر دیے۔بنگلہ دیش نے ویلنگٹن میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن 154 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز شروع کی تو اسکور میں چھ رنز کے اضافے سے مومن الحق کی اننگز 64 رنز پر تمام ہوئی۔160 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم وکٹ پر یکجا ہوئے اور عمدہ بیٹنگ کی بدولت ریکارڈ پر ریکارڈ توڑتے چلے گئے۔
دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کیلئے 359 رنز کی شراکت قائم کر کے بنگلہ دیش کیلئے کسی بھی وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت کا قومی ریکارڈ بنا دیا۔اس سے قبل یہ ریکارڈ امرلالقیس اور تمیم اقبال کے پاس تھا جنہوں نے پاکستان کے خلاف 312 رنز بنائے تھے۔اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب مشفیق 159 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے لیکن دوسرے اینڈ پر موجود شکیب نے عمدہ کھیل جاری رکھا اور اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔وہ 31 چوکوں کی مدد سے 217 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے لیکن اس سے قبل وہ بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے بلے باز بن گئے۔جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو بنگلہ دیش نے سات وکٹ پر 542 رنز بنا کر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔