کراچی(آئی این پی)سابق کپتان شاہد آفریدی نے ہانگ کانگ ٹی ٹونٹی بلٹز ایونٹ کیلئے کولون کینٹنز سے معاہدہ کر لیا ہے۔ 36 سالہ آل رانڈر رواں سال مارچ میں ہونے والے ہانگ کانگ ٹی ٹونٹی بلٹز ٹورنامنٹ کیلئے معاہدہ کرنے والے پہلے انٹرنیشنل سٹار ہیں حالانکہ ایونٹ کے منتظمین نے مزید بڑے ناموں سے معاہدے کی توقع ظاہر کی ہے۔
شاہد خان آفریدی کا نام پاکستان کے بہترین آل راؤنڈرز میں آتا ہے۔ ان کا پورا نام صاحبزادہ محمد شاہد خان آفریدی ہے، شاہد آفریدی 1 مارچ، 1980ء میں خیبر ایجنسی میں پیدا ہوئے۔ 1996ء میں کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھنے والے آفریدی بوم بوم آفریدی کے نام سے بھی پہچانے جاتے ہیں۔ ان کو یہ نام بھارت کے معروف کرکٹر اور کمنٹیٹر راوی شاستری نے دیا۔آفریدی اپنی جارحانہ بلے بازی کی بدولت پوری دنیا میں پہچانے جاتے ہیں۔ اور اسی بدولت کئی ریکارڈ مثلا سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ اور سب سے بہترین اسٹرائیک ریٹ کا ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔ حال ہی میں کئے گئے ایک سروے کے مطابق وہ پاکستان کے سب سے مشہور کھلاڑی ہیں۔