کراچی (آئی این پی)شاہد خان آفریدی نے کرکٹ کو الوداع کہنے سے قبل سیاسی بیانات دینا شروع کردیئے ہیں۔سابق ٹی ٹوئنٹی کپتا ن کا کہنا ہے کہ سی پیک سے خوشحالی آئیگی اور بیروزگاری کاخاتمہ ہوگا۔کرکٹ کے میدانوں کوخیرباد کہنے سے قبل بوم بوم آفریدی نے سیاسی چوکے چھکے لگانے شروع کردیئے ہیں۔شاہدخان آفریدی کاکہنا ہے کہ سی پیک منصوبے سے ملک میں خوشحالی آئے گی اوربیروزگاری کا خاتمہ ہوگا۔ حقیقی کامیابی اسی وقت ملے گی جب نچلے طبقے کوترقی کے ثمرات حاصل ہوں گے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں آفریدی نے کہا کہ دوستوں دشمنوں کی پہچان کرنا ضروری ہے ساتھ ہی انہوں نے دوہزارسولہ کوامن وامان کے اعتبارسے پرسکون سال قرار دیتے ہوئے اس کا کریڈٹ سابق آرمی چیف راحیل شریف اور وزیراعظم نوازشریف کو دیا۔بوم بوم نے نئے آرمی چیف کے بارے میں اس عزم کا اظہار کیا کہ قمرجاوید باجوہ امن وامان کا تسلسل برقرار رکھیں گے اس سلسلے میں پاکستانی عوام نے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں اب قربانیوں کا نہیں ترقی اورکامیابیوں کے دور آگیا ہے۔