کراچی (این این آئی) CISM ورلڈ ملٹری سیلنگ چیمپئن شپ 2016کے دوران آج تیسرے دن کے مقابلے ہوئے۔ چیمپئن شپ میں بحرین، فن لینڈ، نیدر لینڈ، ناروے، پاکستان ، پولینڈ، قطر، روس اور یوکرین کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ فلسطین کی ٹیم بطور آبزرور شامل ہے۔دوسرے دن کے مقابلوں کی اختتام پر ناروے پہلے، روس دوسرے، یوکرین تیسرے جبکہ پاکستان چوتھے نمبر پر تھے۔ پہلی پوزیشن پر ہونے کی وجہ سے ناروے کو یہ اختیار حاصل تھا کہ وہ باقی تین ٹیموں میں سے جس سے چاہے سیمی فائنل کھیلے۔ ناروے نے پاکستان کی ٹیم کا انتخاب کیا۔پاکستان نے سیمی فائنل میں ناروے کو 3/0سے ہرا کر فائنل میں اپنی جگہ بنائی۔ دوسرے اور آخری سیمی فائنل میں روس نے یوکرین کو 3/1سے شکست دی۔ چیمپئن شپ کا فائنل پاکستان اور روس کے درمیان کھیلاجارہا ہے جس کی دو ریسز مکمل ہو چکی ہیں جس میں اسکور 1/1سے برابر رہا۔ فائنل مقابلے کی آخری تین ریسز کا انعقاد کل ہوگا۔ چیمپئن شپ کی تقسیم انعامات اور اختتامی تقریب بھی کل منعقد ہو گی۔