لندن /لاہور(آئی این پی)انگلینڈ کے بیشتر کرکٹرز نے پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کی ہدایات کونظرانداز کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کھیلنے پر رضا مند ظاہر کردی ہے ۔پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ نے پی ایس ایل ٹو کا فائنل 9 مارچ کو لاہور میں کرانے کا اعلان کر رکھا ہے ۔برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن نے پاکستان کے حالات کو کھیل کے لیے سازگار قرار نہ دیتے ہو ئے کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کھیلنے کے لیے حامی بھرنے سے منع کیا تھا لیکن زیادہ تر کھلاڑیوں نے اس ہدایت کو نہیں مانا اور لاہور میں فائنل کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کر رکھی ہے۔اخبار کے مطابق لیوک رائٹ، ٹائمل ملز، ڈیوڈ ولے اور پیٹرسن فائنل لاہور میں کھیلنے پر خوش ہیں، جبکہ جیڈ ڈرن بیک متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے بھی لاہور آنے پر رضا مند ہیں۔این مورگن اور ایلیکس ہیلز سمیت کچھ کرکٹرز دورہ ویسٹ انڈیز کی وجہ سے پی ایس ایل کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔