لندن (این این آئی)پاکستانی نژاد آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ وہ سری لنکا کے خلاف آخری ٹیسٹ میں ٹیم سے باہر ہونے پر بہت مایوس ہوئے تھے۔کرکٹ ڈاٹ کام آسٹریلیا کی رپورٹ کے مطابق عثمان خواجہ نے سری لنکا کے خلاف آخری ٹیسٹ میں ساتھی کھلاڑی جو برنس کے ساتھ ٹیم سے باہر ہونے پر کہا کہ سری لنکا میں ہمیں قربانی کا بکرا بنایا گیا۔سری لنکا نے آسٹریلیا کو 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کرکے تاریخ رقم کی تھی جہاں آسٹریلیا کے بلے باز روایتی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تھے، یہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کی تاریخ میں پہلی وائٹ واش شکست تھی۔عثمان خواجہ اور جو برنس نے آسٹریلیا میں شاندار کارکردگی دکھائی تھی تاہم وہ سری لنکا میں ناکام ہوئے تھے اور ابتدائی دو میچوں میں دونوں کھلاڑیوں نے مجموعی طورپر 89 رنز بنائے تھے۔عثمان خواجہ نے کہاکہ صرف دومیچوں کے بعد یہ بڑا فیصلہ تھا، یہ بڑا افسوس ناک تھا کہ میں اور جو برنس کارکردگی نہ دکھانے پر قربانی کے بکرے تھے۔انہوں نے کہاکہ برصغیر میں صرف دو میچ کھیلے تھے اور مجھے باہر کیا گیا حالانکہ خراب کارکردگی دکھانے والا میں اکیلا نہیں تھا اور ابتدائی دومیچوں میں صرف اسٹیون اسمتھ واحد بلے باز تھے جنھوں نے 50 رنز بنائے تھے۔واضح رہے عثمان خواجہ نے گزشتہ سیزن میں نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں مسلسل تین سنچریاں بنائی تھیں ٗ کیوی ٹیم کے خلاف ولنگٹن میچ میں بھی شاندار سنچری بنا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھاآسٹریلیا کے کوچ ڈیرن لیہمن نے سری لنکا کے خلاف آخری میچ میں دونوں بلے باز کو ٹیم سے باہر ہونے کو بدقسمتی قرار دیا تھاتاہم لیہمن اور قومی سلیکشن پینل نے گزشتہ ہفتے عثمان خواجہ کی جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم واپسی کے واضح اشارے دئیے۔