کوالالمپور (این این آئی)بھارت نے مینز ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں پاکستان کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دیدی تفصیلات کے مطابق اتوار کو ملائیشیا کے شہر کوانٹن میں چوتھی ایشین چیمپئنز ٹرافی کا انتہائی اہم میچ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے مابین ہوا جس میں بھارت نے دو کے مقابلے میں تین گول سے کامیابی حاصل کی۔ پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے مابین سخت مقابلہ ہوا اور کوئی بھی ٹیم گول سکور نہ کر سکی، 22 ویں منٹ میں مور پردیپ نے فیلڈ گول کرکے بھارت کو برتری دلا دی، 9 منٹ بعد پاکستان کی جانب سے محمد رضوان سنیئر نے فیلڈ گول کرکے میچ برابر کر دیا، 39 ویں منٹ میں محمد عرفان جونیئر نے شاندار فیلڈ گول کرکے پاکستان کو برتری دلا دی مگر چار منٹ بعد بھارت کو پنالٹی کارنر ملا جس پر روپندر پال سنگھ نے گول کرکے ایک بار پھر میچ برابر کر دیا، ایک منٹ بعد رامندیپ سنگھ نے فیلڈ گول کرکے بھارت کو 3-2 کی برتری دلا دی جو آخر تک قائم رہی، اس طرح بھارت نے اہم میچ میں روایتی حریف پاکستان کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا کر تین قیمتی پوائنٹس حاصل کر لئے۔