دبئی(این این آئی)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کے لیے ڈرافٹنگ کے عمل کا آغاز ہو گیا ہے ٗڈرافٹنگ کا عمل شروع ہونے سے قبل پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے خطاب کرتے ہوئے لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی دبئی میں پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ تقریب کا آغاز رنگارنگ ٹیبلو سے ہوا۔ پی ایس ایل کی پانچوں فرنچائز کے گانوں پر فنکاروں نے شاندار پرفامنس دکھائی ٗ پہلے ایڈیشن کے یادگار لمحات کی جھلکیاں بھی دکھائی گئیں۔نجم سیٹھی نے کہاکہ انکی کوشش ہے کہ پی ایس ایل کو ہرقسم کے تنازع اور سیاست سے دور رکھیں اور ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کو یقینی بنایا جائے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل کا دوسرا ایڈیشن عوام کی خواہشات کے مطابق پہلے سے زیادہ کامیاب ہو گا۔گزشتہ سال ہونے والے پہلی ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ڈرافٹنگ کے عمل میں پہلے کھلاڑی کے انتخاب کا اختیار لاہور قلندرز کو ملا جس کے بعد کراچی کنگز، پشاور زلمے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور آخر میں موجودہ چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔ڈرافٹنگ کے عمل کا آغاز پلاٹینم کیٹیگری کے پہلے راؤنڈ سے ہوا جس میں لاہور قلندرز نے سب سے پہلے نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اور جارح مزاج بلے باز لاہور قلندرز کا انتخاب کیا۔کراچی کنگز نے اپنی باری میں ویسٹ انڈین اسٹار کرس گیل کو منتخب کیا جنہوں نے گزشتہ ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کی تھی۔اس کے بعد پلاٹینم کیٹیگری میں پشاور زلمے نے شاہد آفریدی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیون پیٹرسن اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے مصباح الحق کو برقرار رکھا۔پلاٹینم کیٹیگری کے دوسرے راؤنڈ میں لاہور قلندرز نے اسٹار ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن کو لینے کا اعلان کیا۔کراچی کنگز نے ویسٹ انڈیز کے اسٹار کھلاڑی کیرون پولارڈ کو منتخب کیا۔پشاور زلمے نے اپنی باری میں انگلینڈ کی ایک روزہ ٹیم کے کپتان آئن مورگن کو منتخب کرنے کا اعلان کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں اپنی دوسری باری میں ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو برقرار رکھا۔اسلام آباد نے شین واٹسن کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں اپنی تیسری اور آخری باری میں گزشتہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے عمر اکمل کو اپنی ٹیم میں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ٗکراچی کنگز نے آل راؤنڈر شعیب ملک کو برقرار رکھا ٗپشاور زلمے نے اپنی باری میں اسپیڈ اسٹار وہاب ریاض کو برقرار رکھا ٗکوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لگاتار تیسری مرتبہ کوئی تبدیلی نہ کرتے ہوئے گزشتہ سیزن میں کوئٹہ کی نمائندگی کرنے والے احمد شہزاد کو اپنی ٹیم کا حصہ رکھا ٗدفاعی چمپئن اسلام آباد یونائٹڈ نے ویسٹ انڈین آل راؤنڈر آندرے رسل کو دوبارہ حاصل کیا ٗڈائمنڈ کیٹیگری میں لاہور قلندرز نے سہیل تنویر، کراچی کنگز نے محمد عامر اور پشاور زلمے نے شکیب الحسن کو منتخب کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ڈائمنڈ کیٹیگری میں ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھ ویٹ جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے شرجیل خان کی خدمات حاصل کیں ٗلاہور قلندرز نے ڈیرن براوو، کراچی کنگز نے روی بوہارہ اور پشاور زلمے نے ڈیرن سیمی کو برقرار رکھا۔اس موقع پر شاہد آفریدی نے ٹیم کی قیادت سیمی کو سونپنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ڈیرن سیمی کو ان کے کرکٹ بورڈ نے عزت نہیں دی تاہم ہم جانتے ہیں کہ چمپئن کو کیسے عزت دی جاتی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ پشاور زلمی نے مایہ ناز پاکستانی بلے باز یونس خان کو مینٹور بنانے کا اعلان کیا۔