ابو ظہبی( آن لائن )پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دیگر میچوں میں ٹیم کی جانب سے بہترین کارکردگی کی امید کرتے ہوئے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورے کو اصل امتحان قرار دے دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ‘مجھے پوری امید ہے کہ ٹیم اچھا کھیلے گی اور دوسرے ٹیسٹ میں اپنی کارکردگی کو بہتر کرے گی۔قومی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم کی کارکردگی حالیہ سیریز میں تسلی بخش رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘انگلینڈ میں ٹیم کی کارکردگی بڑی حوصلہ افزا تھی اور یہی جوش کئی سالوں تک طویل کیا جاسکتا ہے’۔مکی آرتھر نے یاسر شاہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ‘ یاسر ایک غیرمعمولی باؤلر ہیں اور وہ مستقبل میں پاکستان کے چمپیئن باؤلر ہوں گے’۔آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف آنے والے دورے ٹیم کے لیے حقیقی امتحان ہوں گے لیکن میں ٹیم کے ساتھ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہوں’۔پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ڈیرن براوو کی جرات مندانہ بلیبازی اور بشو کی تباہ کن باؤلنگ کے باوجود 56 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0۔1 کی برتری حاصل کی ہے۔۔