اسلام آباد(ایکسکلوژو رپورٹ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے اپنی زندگی کے اہم راز سے پردہ اٹھا دیا۔ تفصیل کے مطابق وسیم اکرم نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرے ہوئے کہا کہ مجھے جب شوگر کی بیماری کا علم ہوا تو میری عمر اس وقت 29 سال تھی اور وہ میرے کرکٹ کیریئر کے عروج کا دور تھا۔ وسیم اکرم نے کہا کہ میں بھی عام لوگوں کی طرح بہت پریشان تھا کہ میں اب کیا کروں گا اور کس طرح اس بیماری سے لڑوں گا ۔ میں یہ سوچتا تھا کہ یہ عام طور پر موٹے لوگوں کو ہوتاہے اور میں تو کام ہی بھاگ دوڑ کا کرتا تھا اسلئے مجھے یہ کیوں ہو گیا۔ اس میں اللہ کی مرضی تھی کہ مجھے شوگر ہو گئی۔ اس وقت میری مرحومہ بیوی ہما جو کہ ایک بہترین سائیکالوجسٹ تھیں انہوں نے بھرپور مدد کی۔ وسیم اکرم نے کہا کہ پھر میں نے سوچا کہ یہ ایک بیماری ہے اور میں نے اس سے لڑنا ہے۔ میں نے سنا تھا کہ شوگر کے مریض تھک جاتے ہیں اور ان میں جان ختم ہو جاتی ہے لیکن میں نے اسے غلط ثابت کر دیا۔ وسیم اکرم نے انکشاف کیا کہ میں نے شوگر کے مرض کو حوصلے، مصم ارادے اور فیصلہ کرنے کی قوت سے شکست دی اور آج بھی میں 49 سال کی عمر میں اسی طرح فٹ ہوں جیسے 29 سال قبل شوگر کے ساتھ تھا۔