لاہور( این این آئی)پاکستان نے دنیائے کرکٹ کو حیران کرتے ہوئے ایک ایسا فاسٹ بالر تلاش کیا ہے جو دونوں ہاتھوں سے 135کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کر سکتا ہے۔فاسٹ بالرز کی عام طور پر جوڑی تلاش کی جاتی ہے لیکن چارسدہ سے تعلق رکھنے والے یاسر جان خود ہی دونوں ہاتھوں سے بالنگ کر سکتے ہیں۔انہیں پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کی جانب سے لگائے گئے ٹیلنٹ ہنٹ میں تلاش کیا گیا جہاں یاسر کی رفتار دیکھ کر سابق فاسٹ بالر عاقب جاوید سمیت تمام لوگ حیران رہ گئے۔مزید باریک بینی سے جائزے کے بعد انکشاف ہوا کہ وہ سیدھے اور الٹے ہاتھ دونوں سے بالنگ کرتے ہوئے ان کی بالنگ یکساں اثرات مرتب کرتی ہے۔ویڈیوز میں دیکھ کر صاف واضح ہوتا ہے کہ وہ سیدھے ہاتھ سے بالنگ کرتے ہوئے اسٹین اور الٹے ہاتھ سے محمد عامر کے ایکشن سے بالنگ کرتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کے رہائشی یاسر جان کا بالنگ ایکشن سیدھے ہاتھ سے عمران خان اور الٹے ہاتھ سے وسیم اکرم کی طرح شفاف ہے۔یہ کوئی قدرتی ٹیلنٹ نہیں بلکہ انہوں نے بچپن سے ہی اس پر کام کیا ہے۔پیدائشی طور پر سیدھے ہاتھ سے بالنگ کرنے والے یاسر بائیں ہاتھ سے بالنگ کرتے ہوئے گیند کو زیادہ سوئنگ اور باؤنس کر سکتے ہیں لیکن سیدھے ہاتھ سے زیادہ تیز رفتاری کے ساتھ بالنگ کر سکتے ہیں۔کرکٹ کے قوانین کے مطابق ایک بالر امپائر اور بلے باز کو مطلع کرنے کے بعد جس بھی ہاتھ سے چاہے بالنگ کر سکتا ہے۔