لاہور(این این آئی)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیمیں اس سال اکتوبر میں دبئی میں ایک ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں مدمقابل ہوں گی جو دونوں ٹیموں کا ایسا پہلا ٹیسٹ میچ ہوگا۔دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز کے مجوزہ شیڈول کے مطابق 13 سے 17 اکتوبر تک کھیلے جانے والے اس ڈے نائٹ ٹیسٹ سے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز ہوگا اور یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہوگا۔کرکٹ کی تاریخ کا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ گذشتہ سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کو اس سال اکتوبر میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں ایک ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کی تجویز دی تھی۔ ویسٹ انڈیز نے کافی سوچ بچار کے بعد اس تجویز سے اتفاق کیا ہے۔ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم دبئی کے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کی تیاری کے لیے ایک ڈے نائٹ سہ روزہ میچ بھی کھیلے گی جس کی میزبانی شارجہ کو ملنے کا امکان ہے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی سیریز تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ہوگی۔پہلے دو ٹی ٹوئنٹی میچز 23 اور 24 ستمبر کو دبئی میں ہوں گے جبکہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی 27 ستمبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔ون ڈے سیریز کے پہلے دو میچ 30 ستمبر اور دو اکتوبر کو شارجہ میں ہوں گے جبکہ تیسرا ون ڈے پانچ اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔پہلا ٹیسٹ 13 سے 17 اکتوبر تک دبئی میں ہوگا۔ ابوظہبی 21 سے 25 اکتوبر تک دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 30 اکتوبر سے تین نومبر تک شارجہ میں کھیلا جائے گا۔پاکستانی کرکٹ ٹیم اس سال کے آخر میں آسٹریلیا کے دورے میں بھی ایک ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ برسبین میں کھیلے گی۔