دبئی(نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم نے مصباح الیون کی قیادت میں وہ کر دیا جو اس سے پہلے کوئی نہ کر سکا۔ تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان پہلے نمبر پر آ گیا۔ پاکستان کو ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان شیڈول چوتھے ٹیسٹ کے ڈرا ہونے سے ملی۔ آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق پاکستان ایک سو گیارہ پوائٹنس کے ساتھ پہلے، بھارت ایک سو دس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، آسٹریلیا تیسرے اور انگلینڈ کی چوتھی پوزیشن ہو گئی ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیگٹو ڈیوڈ رچرڈ سن نے پاکستان کی ٹاپ پوزیشن کو سراہا اور کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم اس کی حقدار تھی۔ مصباح اور ان کی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان کے پاس ٹیسٹ کرکٹ میں نمبر ون کا تاج دو ماہ تک رہے گا۔ پاکستان کی اگلی سیریز ویسٹ انڈیز کے ساتھ ستمبر اور اکتوبر میں ہے جس میں تین ٹیسٹ میچ بھی کھیلے جائیں گے۔ بھارت، نیوزی لینڈ کے ساتھ اپنے ہوم گراؤنڈ پر تین ٹیسٹ میچ کھیلے گا۔ پاکستان کو ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر رہنے کیلئے ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کرنا ہوگا اور بھارت کو نیوزی لینڈ سے شکست کھانی ہوگی۔