دبئی (این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان شیڈول ون ڈے سیریز میں ایک بڑی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے، سیریز کے دوران تھرڈ ایمپائر فرنٹ فٹ نو بالز دے گا۔ آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک انگلینڈ ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز میں آزمائشی طور پر فرنٹ فٹ نوبال کی ذمہ داری فیلڈ ایمپائر سے لیکر ٹی وی ایمپائر(تھرڈ) ایمپائر کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تھرڈ ایمپائر چاروں اطراف پر کیمروں سے فوٹیج دیکھ سکیں گے، اس کے علاوہ انہیں سلو موشن ری پلیز بھی مہیا ہوں گے اور ان کے پاس فوٹیج کو آگے پیچھے کرنے کا آپشن بھی موجود ہو گا، بلے بازوں کی جانب سے زوردار اسٹروکس کھیلنے کے باعث باؤلرز اور ایمپائر دونوں گیند لگنے کے خوف کا شکار تھے جس کے باعث نوبال کا فیصلہ مزید پیچدہ ہوگیا تھا۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ فیلڈ امپائر تھرڈ ایمپائر کے حکم کے بغیر فرنٹ فٹ نوبال نہیں دے گا تاہم کیمروں کی عدم دستیابی پر وہ فیصلہ کر سکیں گے۔ آئی سی سی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ٹیکنالوجی کے نتائج کو آئی سی سی کرکٹ کمیٹی سے شیئر کریں گے اور اس کے بعد ہی اس کے مستقبل کے بارے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔