لندن(این این آئی) انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین نے کہاہے کہ مصباح الحق کا پاکستانی کرکٹ کیلئے کردار بہت اہم ہے اور انھیں مزید کرکٹ کھیلتے دیکھنا چاہتا ہوں۔ایک انٹرویو میں ناصر حسین نے کہا کہ پاکستان نے جس حالات میں کرکٹ کھیلی اس میں مصباح الحق کا اہم کردار رہا ہے، مصباح الحق کا اپنی ٹیم پر ایک خاموش اثر و رسوخ ہے اور ان کی کپتانی کا انداز بھی شاندار ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں صرف کرکٹ کھیلنے اور جیتنے کیلئے نہیں آئی تھی بلکہ انھیں 2010 کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد لوگوں کے دل بھی جیتنے تھے جس طرح مصباح الحق نے سینچری کے بعد پش اپس لگائے مجھے بہت اچھا لگا اور پاکستانی ٹیم کی فتح کے بعد یونس خان کی قیادت میں گرین کیپس کا جشن بھی دیدنی تھا۔ناصرحسین نے کہاکہ میں نے مصباح الحق سے اوول میں بات کی اور انھیں کہا کہ ابھی آپ کی کرکٹ باقی ہے، اگر بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری ٹیسٹ ڈرا ہو جاتا ہے اور پاکستان ٹیسٹ میں پہلے نمبر پر آ جاتا ہے تو میرے خیال میں مصباح کے پاس ریٹائر ہونے کا یہ بہترین وقت ہوگا کہ انھوں نے بطور کپتان اپنا آخری ٹیسٹ بھی جیتا اور ٹیم کو نمبر ون بنایا لیکن میری خواہش ہے کہ وہ مزید کرکٹ کھیلیں۔سابق برطانوی قائد نے بتایا کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی ٹیسٹ سیریز کو سب نے بہت پسند کیا کیونکہ یہ ایک دوستانہ سیریز نہیں بلکہ سخت مقابلے والی سیریز تھی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم بیٹنگ میں بڑی حد تک مصباح الحق اور یونس خان پر انحصار کرتی ہے، مصباح الحق نے لارڈز ٹیسٹ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور ٹیم جیت گئی، اسی طرح اوول ٹیسٹ میں یونس خان نے ڈبل سنچری اسکور کی اور ٹیم نے کامیابی حاصل کی، اگر پاکستانی بلے باز اچھا اسکور کر لیں تو موجودہ بولنگ اٹیک کے ساتھ گرین کیپس میچ پر حاوی رہتے ہیں۔