لاہور(این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلرعاقب جاوید نے انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز کیلئے نئی ٹیم کے انتخاب پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ یہ ٹیم دو میچ بھی جیتے تو بڑی بات ہوگی۔ایک انٹرویو میں عاقب جاوید نے کہاکہ ٹیسٹ سیریز میں اچھی بلے بازی کرنے والے کھلاڑیوں کو ایک روزہ سیریز کیلئے ٹیم میں شامل نہ کرنا غیر دانشمندی ہے۔انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی جانب سے اسد شفیق نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا تاہم انھیں حیرت انگیز طورپر ایک روزہ سیریز کیلئے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔عاقب جاوید نے اسد شفیق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک زبردست کھلاڑی ہیں ٗ ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیلتا ہے۔انہوں نے کہاکہ قومی ٹیم میں یونس اور مصباح کے بعد اگرکوئی بلے باز بہتر بن کر سامنے آیا ہے تو وہ اسد شفیق ہے۔عاقب نے کہا کہ موجودہ ون ڈے ٹیم ایک نئی ٹیم ہے اس کو مضبوط بننے میں وقت لگے گا اسی لیے مجھے اس سیریز میں ٹیم سے زیادہ امیدیں نہیں ہیں، یہ ٹیم 5 میں سے اگر دو میچ بھی جیت جائے تو بڑی بات ہو گی۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے کہا کہ انگلینڈ ایک مضبوط حریف ہے اور ایک ایسے وقت میں جب ٹیم کو ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کیلئے میچوں میں کامیابی ضروری ہے ایسے میں یکسرنئی ٹیم کو وہاں بھیجنا دانش مندی نہیں ۔