تھر پارکر (این این آئی)عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے تھر کا دورہ کر کے وہاں جدید سہولیات سے آراستہ ہسپتال کی تعمیر کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ پانی اور بجلی کے منصوبوں کا افتتاح کردیا۔تھر کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد حسین بلوچ نے بتایا کہ باکسر نے جمعرات کو تھر کا دورہ کیا اور حکومت نے انہیں تھر کے عوام کو سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں ہر ممکن مدد کا وعدہ کیا ہے۔عامر خان نے اس خواہش کااظہار کیا کہ ہر گاؤں میں صاف پانی اور صحت کی مناسب سہولیات دستیاب ہونی چاہیے اور عزم ظاہر کیا کہ اس سلسلے میں ان سے جو ہو سکا وہ کریں گے اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ باکسر نے تھر کے باسیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومتی کوششوں کو بھی سراہا اور زور دیا کہ وہ یہاں کے لوگوں کیلئے زندگی کی بنیادی سہولتوں جیسے صحت عامہ، صاف پانی اور تعلیم کی فراہمی جیسے اقدامات کو یقینی بنا کر ان کی زندگیوں میں آسانی لانے کی کوششیں کرے۔انہوں نے عالمی اداروں سے بھی تھر کے رہائشیوں کی مدد اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی جہاں غیرسرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال تھر میں بیماری، خشک سالی اور خوراک کی کمی کے سبب کم از کم 433 بچے موت کی آغوش میں چلے گئے تھے۔اس سے قبل ضلعی ہیلتھ افسر کہہ چکے ہیں تھر میں مختلف بیماریوں کا شکار 63ہزار 500 بچوں کو ضلعے کے چھ ہسپتالوں میں علاج کیلئے لایا گیا جن میں سے چھ ہزار 353 کو داخل کر کے ان کا علاج کیا گیا۔مسلم لیگ ن کے رمیش کمار ونکانی نے تھر کے مسائل کا ذمے دار صوبائی حکومت کو ٹھہراتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ضلع میں واقع درجنوں ڈسپنسریاں اور ہیلتھ یونٹ کام نہیں کر رہے اس سے قبل عامر خان تھر پہنچے تو مقامی لوگوں نے لوک گانے گا کر ان کا پرتپاک استقبال کیا اور باکسر نے ان سے وعدہ کیا کہ وہ تواتر سے یہاں کا دورہ کریں گے۔