لندن( آن لائن )ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے لندن میں پریکٹس کا آغاز کردیا کیچ چھوڑنے کا خوف دور کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے ہنگامی پلان بنالیا۔ ہرسیشن میں چالیس منٹ صرف کیچز پریکٹس کروائی جائے گی۔تفصیلات کیمطابق پاکستان کی ایک روزہ ٹیم میں تازہ کمک کے طور پر 6کھلاڑی محمد نواز، حسن علی، عمرگل، شرجیل خان، بابراعظم اور عماد وسیم لاہور سے جبکہ شعیب ملک سیالکوٹ سے لندن پہنچے ہیں جہاں کوچز نے پہلے دن ایک روزہ سیریز کے لیے پریکٹس کا آغاز کروا دیا۔ پریکٹس کے پہلے سیشن میں سب سے زیادہ توجہ فیلڈنگ پر کروائی جا رہی ہے پریکٹس کے آغاز سے قبل کھلاڑیو ں کو کیچز کی اہمیت پر لیکچر بھی دیا گیا۔ قومی ایک روزہ ٹیم کو آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ ایٹ میں رہنے کا چیلنج درپیش ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم اظہر علی کی کپتانی میں آئرلینڈ کے خلاف دو ایک روزہ میچ کھیلنے کے بعد انگلینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلے گی۔