ریو ڈی جینرو (آئی این پی )برازیل میں جاری اولمپکس کے مقابلوں میں چینی ایتھلیٹ کو ان کے بوائے فرینڈ نے پوڈیم پر شادی کی پیشکش کر کے دنیا کو حیران کردیا۔تین میٹر اسپرنگ بوٹ ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی چینی ایتھلیٹ ہی زی کو اپنا میڈل وصول کیے چند لمحے ہی گزرے تھے کہ ان کے بوائے فرینڈ ان کے سامنے جا پہنچے۔تاہم اگلے ہی لمحے چینی ڈائیور کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب 25 سالہ کن کائی نے گھٹنوں کے بل بیٹھ کر شادی کی پیشکش کرتے ہوئے انگوٹھی پیش کی۔اس موقع پر خوشی کے جذبات سے مغلوب ہی ژی نے شرماتے ہوئے اپنے چہرے کو ہاتھوں سے چھپا لیا اور پھر ان کے بوائے فرینڈ نے انگوٹھی پہنائی۔چینی ایتھلیٹ نے کہا کہ ہم دونوں چھ سال سے ساتھ ہیں لیکن مجھے بالکل نہیں پتہ تھا کہ یہ مجھے آج شادی کی پیشکش کرے گا اور مجھے توقع نہیں تھی کہ میں اتنی جلدی شادی کر لوں گی۔انہوں نے بتایا کہ کن کائی نے مجھ سے پوڈیم بہت ساری باتیں کہیں اور بہت وعدے کیے لیکن جس چیز نے میرے دل کو چھوا وہ یہ تھی کہ میں سوچا کہ یہی وہ شخص ہے جس پر میں اپنی بقیہ زندگی کیلئے بھروسہ کر سکتی ہوں۔کن خود بھی ایک ایتھلیٹ اور مردوں کے مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیت چکے ہیں اور انہوں نے اس موقع پر اپنی گرل فرینڈ کو پھول بھی پیش کیا۔یہ ریو اولمپکس میں شادی کا دوسرا پروپوزل ہے جہاں اس سے قبل برازیل کی رگبی ٹیم کے کھلاڑی ایسادورا سرولا نے مرجوری اینیا سے اولمپکس کے دوران منگنی کی تھی۔