اوول (این این آئی)انگلش ٹیم کے اوپننگ بلے باز ایلکس ہیلز کو امپائر کے فیصلے کے خلاف برہمی کا اظہار کرنے پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خلاف جاری آخری ٹیسٹ کے پہلے روز ایلکس ہیلز نے کیچ آؤٹ ہونے کے بعد ایمپائر کے فیصلے پر برہمی کا اظہار کیا تھا، انہیں لگتا تھا کہ یاسر شاہ کے کیچ کرنے سے قبل گیند زمین سے ٹکرا گئی تھی تاہم ری پلے میں واضح ہو گیا تھا کہ یاسر شاہ نے اچھا کیچ لیا، پویلین لوٹنے کے بعد انہوں نے تھرڈ ایمپائر جوئل ولسن سے ان کے کمرے میں ملاقات کی اور فیصلے پر سوال اٹھایا اور کمرہ چھوڑتے وقت نامناسب جملے بھی کسے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ہیلز نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے جس کی وجہ سے ان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔