ایجیسٹن (نیوز ڈیسک)برمنگھم میں کھیلے جانے والے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 120 رنز بنا کر 17 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ جمعے کو جب تیسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 120 رنز بنا لیے تھے۔کھیل کے اختتام پر ایلسٹر کک 64 اور ایلکس ہیلز 50 رنز پر کھیل رہے تھے۔پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بولر انگلش بلے بازوں کی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔انگلش ٹیم کے کپتان ایلسٹر کک نے 67 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری سکور کی۔ جبکہ ایلکس ہیلز جو کہ اس سیریز میں اب تک کوئی بڑی اننگز نہیں کھیل پائے تھے 116 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔
تیسرا ٹیسٹ،انگلینڈ کوپابندی کے بعد بالاخر ”راحت“مل ہی گئی،اننگز کا حیرت انگیز اختتام
ایجسٹن (نیوز ڈیسک) تیسرا ٹیسٹ،انگلینڈ کوجیمز اینڈرسن پر پابندی کے بعد بالاخر ”راحت“کی آخری وکٹ مل ہی گئی،اننگز کا حیرت انگیز اختتام،دوسرے دن کے اختتام پر تو یوں لگ رہا تھا کہ پاکستان بڑی لیڈ لینے میں کامیاب ہوجائے گا لیکن دوسرے دن کی آخری گیند پر اظہر علی کی وکٹ اور اس کے بعد یونس خان سمیت دیگر کھلاڑیوں کی مایوس کن کارکردگی نے انگلینڈ کیلئے میچ میں واپسی کاراستہ کھول دیا ہے۔ برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان کی پوری ٹیم 400 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ہے جبکہ اسے اپنی پہلی اننگز میں 103 رنز کی برتری حاصل ہے۔ آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز راحت علی تھے جو چار رنز بنا سکے۔ جبکہ سرفراز احمد 46 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔مصباح الحق نے 93 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ تاہم وہ زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 56 رنز بنانے کے بعد اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔پاکستان کو یونس خان سے اس میچ میں بڑے سکور کی امید تھی جو پوری نہیں ہو سکی۔تیسرے دن پاکستان کو دن کا پہلا اور مجموعی طور پر چوتھا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب یونس خان 31 رنز بنانے کے بعد ووکس کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے بیرسٹو کو کیچ دے بیٹھے۔ان کی جگہ آنے والے اسد شفیق 18 گیندیں کھیل کر بغیر کوئی رن بنائے براڈ کی گیند پر اس وقت بولڈ ہوئے جب پاکستان کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لیے ایک رن درکار تھا۔انگلینڈ کی جانب سے اب تک جیمز اینڈرسن اور سٹوئرٹ براڈ نے ایک، ایک اور کرس ووکس نے دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔پاکستانی اننگز کی اب تک کی خاص بات اظہر علی اور سمیع اسلم کی عمدہ بلے بازی رہی ہے۔ ان دونوں نے دوسرے دن کے کھیل میں دوسری وکٹ کے لیے 181 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔
تیسرا ٹیسٹ،میچ کے دوران خطرناک حرکت،برطانوی کھلاڑی پر پابندی عائد
ایجسٹن(نیوزڈیسک)تیسرا ٹیسٹ،میچ کے دوران خطرناک حرکت،برطانوی کھلاڑی پر پابندی عائد، تفصیلات کے مطابق میچ ہاتھ سے نکلتا دیکھ کر برطانوی ٹیم کے ہاتھوں کے طوطے اُڑ گئے اور وہ اوچھی حرکتوں پر اتر آئی ، برطانوی فاسٹ باﺅلر جیمس اینڈرسن بار بار پچ پر دوڑتے رہے جس پر امپائرز نے انہیں دو بار وارننگ بھی دی جس کے بعد امپائرز سے بحث کرنے ،پچ پر خطرناک اندازمیں دوڑنے اور پچ کو خراب کرنے کی کوشش پر جیمز اینڈرسن پر ایک دن کیلئے باﺅلنگ کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ جیمز اینڈرسن نے امپائر بروس آکسنفورڈ سے بحث کرنے اور اپنے نامناسب رویہ پر معافی بھی مانگ لی ہے ۔