لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے ’’کرتا دھرتاؤں ‘‘ کی سنگین غفلت کے باعث سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید کانام پی سی بی کی ویب سائٹ پر موجود کمیٹیوں میں بدستور شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق چیف سلیکٹر ہارون رشید 3ماہ قبل کرکٹ بورڈ کی نوکری سے ہٹائے دیئے گئے تھے تاہم ان کا نام اب بھی پی سی بی ویب سائٹ پر موجود ہے ،پی سی بی نے ڈسپلنری کمیٹی اور امپائرز ایویلویشن کمیٹی سے سابق ٹیسٹ کرکٹر کا نام ہٹانے کی زحمت کرنا بھی گوارا نہیں کی۔دوسری جانب ذاکرخان بھی ڈائریکٹر کے عہدے سے فارغ ہوچکے ہیں تاہم ان کا نام بھی اب تک ویب سائٹ پر ڈسپنلری کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر موجود ہے ، بورڈ کے ایک اور ملازم علی ضیا کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تبادلہ ہوگیا ہے تاہم ویب سائٹ پر ڈومیسٹک افیئرز کمیٹی میں وہ بدستور موجود ہیں۔ پی سی بی حکام کی نااہلی کا حال یہ ہے کہ وہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اور جی ایم ڈومیسٹک کرکٹ شفیق پاپا کا نام ڈومیسٹک افیئرز کمیٹی میں درج کرنا بھول گئے ہیں۔