لیڈز(این این آئی)انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان مقابلوں کوسپر سیریز کا درجہ حاصل ہوگا اور پوائنٹس سسٹم کی بنیاد پر مجموعی فاتح کو25 ہزار پاؤنڈ کا خصوصی انعام ملے گا۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے باضابطہ طور پر سری لنکا اور پاکستان کے ساتھ ہوم مقابلوں کو سپرسیریز کا درجہ دیدیا جس کے تحت تمام فارمیٹس کے مقابلوں میں فتح پر پوائنٹس ملیں گے ٗٹور کے آخر پر جوٹیم زیادہ پوائنٹس حاصل کریگی ٗوہ مجموعی فاتح قرار پائے گی۔ سپرسیریز میں زیادہ جان پیدا کرنے کیلئے مشترکہ فاتح کیلئے 25 ہزار پاؤنڈ کے خصوصی انعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔پوائنٹس سسٹم کی تفصیلات پہلے ہی سامنے آچکیں، جس میں ٹیسٹ فتح پر 4 پوائنٹس اور ڈرا ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو دودو پوائنٹس ملنے ہیں ٗاس طرح سفید گیند کے ساتھ کھیلے گئے میچز میں کامیابی پر 2 جبکہ مقابلہ ٹائی ہونے یا نہ ہوپانے پر دونوں سائیڈز کے حصے میں ایک ایک پوائنٹ آئے گا۔ انگلش بورڈ کے ڈائریکٹر اور سابق کپتان اینڈریو اسٹروس کا کہنا ہے کہ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جوکہ ناقابل یقین طور پر تیزی سے ارتقائی عمل سے گزررہا ہے، ایسے میں ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم بدلتی ہوئی صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کے فروغ کیلیے اقدامات کرتے رہیں۔سپر سیریز کا مرکزی خیال انٹرنیشنل کرکٹ میں کھیلے گئے ہر میچ کی اہمیت میں اضافہ کرنا ہے، ہمیں یقین ہے کہ سپر سیریز مختلف فارمیٹس کو آپس میں جوڑے گی اور اس بات کو یقینی بنائیگی کہ ہر میچ کی وسیع تناظر میں اہمیت موجود ہو، ہم محسوس کرتے ہیں کہ اس نئے فارمیٹ سے کھیل بدستور شائقین اور پلیئرز کیلئے زیادہ دلچسپی کا باعث بنا رہے گا۔ یاد رہے کہ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز جمعرات سے ہوچکا، اس کا شمار بھی سپرسیریز میں ہی ہوگا۔