لاہور ( این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد سمیت 39اعلیٰ افسروں کی تعیناتیاں لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی گئیں جبکہ فاضل عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد چیئرمین پی سی بی اور وزارت کھیل سمیت دیگر فریقین سے 26مئی تک جواب طلب کر لیا۔د رخواست گزار شہری محمد نعیم کے وکیل عبدالغفور نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان کرکٹ بور ڈمیں چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، مینجر انٹرنیشنل آڈٹ فاطمہ عفان، ڈائریکٹر سکیورٹی احسان صادق سمیت 39اعلیٰ افسروں کی تعیناتیاں میرٹ سے ہٹ کر گئی ہیں، ان تعیناتیوں کیلئے کوئی اخبار اشتہار نہیں دیا گیا اور نہ ہی یہ بھرتیاں کرتے ہوئے کرکٹ بورڈ کے قواعد وضوابط کو مدنظر رکھا گیا ہے، پی سی بی حکام نے منظور نظر افراد کو نواز نے کیلئے اعلیٰ عہدوں پر تعیناتیاں کی گئی ہیں۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ پی سی بی میں ہونے والی ان تعیناتیوں کو کالعدم کیا جائے اور تمام افسروں کو فوری طو رپر کام کرنے سے روکا جائے۔جسٹس سید منصور علی شاہ نے ابتدائی سماعت کے بعد چیئرمین پی سی بی اور وزارت کھیل سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 26مئی تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔