لاہور( این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے واضح کہا ہے کہ اگر ان کی باتیں نہ مانی گئیں تو محض تنخواہ لینے کیلئے عہدے سے چمٹے نہیں رہیں گے بلکہ استعفیٰ دینے کو ترجیح دیں گے۔انہوں نے یہ بات ایک انٹر ویو میں کہی ۔انضمام الحق کا کہنا تھاکہ میں نے پاکستان کرکٹ بورڈ میں عہدہ سنبھالنے سے پہلے بورڈ پر واضح کردیا تھا کہ میں صرف نوکری نہیں کروں گا بلکہ اپنی تجاویز پر عمل بھی کراﺅں گا لیکن ایسا بھی نہیں کہ میں کسی کی نہیں سنوں گا ۔جب میں کپتان تھا تو چیف سلیکٹرز سے اپنی بات منواتا تھا اور اب میں دوسرے کپتانوں کی بات بھی غور سے سنوں گا۔انضمام الحق کا مزید کہناتھا کہ اللہ نے مجھے بہت نوازا ہے، افغانستان کے علاوہ بھی مجھے بہت سے بورڈز کی جانب سے کوچنگ کی آفر ہوئیں ہیں۔ اگر بورڈ میں رہتے ہوئے میں پاکستان کرکٹ کی خدمت نہیں کرسکوں گا تو میں استعفیٰ دے کر گھر جانے میں بھی بالکل بھی دیر نہیں لگاﺅں گا۔