اسلام آباد(این این آئی)پاکستان کے سابق ہیڈ کوچ اور عظیم فاسٹ باؤلر وقار یونس نے کہا ہے کہ جب تک پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری کیلئے سخت اقدامات نہیں کیے جائیں گے اس وقت تک پاکستان کرکٹ بہتر نہیں ہو گی۔ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی ہونے والے وقار یونس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو پہلے ڈومیسٹک کرکٹ بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ پی سی بی تبدیلیوں کی بات تو کر رہا ہے لیکن ابھی تک اصل تبدیلیاں نہیں کی گئیں ٗاگر میری تجاویز سے کوئی بہتری آتی ہے تو مجھے بہت خوشی ہو گی۔87 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے وقار نے کہا کہ تبدیلیوں کے بارے میں باتیں تو بہت کی گئیں تاہم پی سی بی نے ابھی تک کرکٹ کمیٹی بنانے کا اعلان نہیں کیا، پی سی بی کو کرکٹرز کو مجوزہ کرکٹ کمیٹی کا حصہ بنانے کیلئے بہت سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان کے نئے کوچ مکی کوچ مکی آرتھر کی تقرری کے بارے میں سوال پر وقار نے کہا کہ جنوبی سے تعلق رکھنے والے کوچ کی توجہ قومی ٹیم کا ڈسپلن بہتر بنانے پر ہونی چاہیے جس پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہو گا۔