کراچی(آن لائن) توں کون میں خواہ مخواہ ، سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے نئے کوچ مکی آرتھر کو ازخود 8 ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی، وہ کہتے ہیں کہ نئے ہیڈ کوچ اس عرصے میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی میں بہتری نہ لاسکیں تو گھر واپس لوٹ جائیں۔ان خیالات کا اظہار شعیب نے ایک انٹرویو میں کیا۔ سابق پیسر نے کہا کہ نئے کوچ مکی آرتھرکافی تجربہ کار اور وہ جنوبی افریقہ و آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیموں کے ساتھ کام کرچکے، مگر میں سمجھتا ہوں کہ یہ جاننے کے لیے 8 ماہ بہت ہوں گے کہ وہ ٹیم پرفارمنس میں تبدیلی لاتے یا پھر اپنے سے پہلے والوں کی طرح گھر لوٹ جاتے ہیں، اس عرصے کے دوران ہم نے بہت اہم سیریز کھیلنی ہیں، اسی اندازہ ہوجائے گا کہ وہ ہمارے کرکٹ کھیلنے کے انداز کو نئی سمت دے پاتے ہیں یا پھر خود الوداع کہنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔شعیب نے کہا کہ ا آرتھر میں ہمارے کھلاڑیوں کا رویہ اور مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کی قابلیت ہے اس لیے میں کافی پْرامید ہوں۔ ڈسپلن کے نام پر کھلاڑیوں کو ڈراپ کیے جانے کے حوالے سے شعیب اختر نے کہا کہ اس کے بجائے ان میں احساس ذمہ داری پیدا کرنا زیادہ اہم ہے، میرے وقت میں بھی کچھ کھلاڑی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے تھے مگر میچ والے دن ان کی پوری توجہ صرف کھیل پر مرکوز ہوتی تھی۔