لاہور(آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لیے ویزوں کی تیاری کا کام شروع کر دیا ہے ، فاسٹ باو¿لر محمد عامر کے لیے خصوصی کیس تیار کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کو جولائی تا ستمبر تک 4ٹیسٹ ،5ون ڈے اور 2ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے جس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ممکنہ کھلاڑیوں کے ویزے بنوانے کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ فاسٹ باو¿لر محمد عامر کو انگلینڈ کا ویزہ ملنے میں مشکلات کا سامنا ہے جس کے بعد پی سی بی نے ان کے لیے خصوصی کیس تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس سلسلے میں انگلش کرکٹ بورڈ سے بھی رابطہ کرلیا گیا ہے اور اس کے ساتھ قانونی مشیروں سے مشورے کیے جارہے ہیں۔ذرائع کے مطابق چیئر مین پی سی بی شہریار خان سابق سفارتکار ہونے کی حیثیت سے عامر کو ویزہ دلوانے کے لیے برطانوی سفارتخانے میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں گے۔