لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ ہم نے قومی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کافیصلہ کر لیاہے لیکن نام ابھی نہیں بتا سکتے آئندہ ایک دو دن میں سامنے آ جائے گا ،کرکٹ کمیٹی اور ڈومیسٹک کرکٹ فیئرکوالگ الگ کیا جائے گا تاہم کرکٹ کمیٹی کی تجاویز کو سنا جائے گا اور ضروری ہے کہ ہم اپنے کوچز کو صحیح رکھیں جبکہ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی نے کہاہے کہ پاکستان سپر لیگ 2016ء میں بھی پانچ ہی ٹیمیں کھیلیں گی جبکہ اگلے سال سے ایک ٹیم کا اضافہ کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شہریار خان نے کہا کہ قومی ٹیم کی کوچنگ کے لیے ہمیں درخواستیں موصول ہوگئی ہیں کوچ پاکستانی یا غیر ملکی بھی ہوسکتا ہے ۔جس شخص کا نا م قومی ٹیم کے کوچ کیلئے فائنل کیا گیاہے ان سے ابھی بات چیت کرنی ہے کہ وہ کوچنگ کیلئے تیار ہیں ،اس لیے ابھی نام نہیں بتا سکتے ،ایک دو دن میں کوچ کا نام سب کے سامنے آ جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ گورننگ بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کرکٹ کے معاملات کے لئے دو علیحدہ علیحدہ کمیٹیاں کرکٹ کمیٹی اور ڈومیسٹک کمیٹی ہونی چاہئے ۔کرکٹ کمیٹی میں صرف کرکٹرز ہوں گے ۔جب کہ کمیٹی میں ویمن کرکٹ کاور پی سی بی گورننگ بورڈ کا ایک ایک نمائندہ بھی ہونا چاہئے ۔چیئرمین نے کہاکہ ٹیم نے آئندہ انگلینڈ ،ویسٹ انڈیز ،ساؤتھ افریقہ اور آسٹریلیا کے ساتھ سیریز کھیلنی ہے اسلئے کوچ کی تقرری دو سال کے لئے ہونی چاہئے۔کرکٹ کمیٹی میں موجودہ کرکٹرز مصباح الحق ،یونس خان ،ثناء میر نہیں ہوں تاہم ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں شامل کیا جاسکتا ہے ۔گورننگ بورڈ نے کرکٹ کمیٹیوں کی تشکیل کا اختیار مجھے دیدیا ہے اور اس کے بارے میں جلد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔قومی کرکٹ ٹیم کی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں کارکردگی بہتر نہیں ہے اور اس میں بہتری لانے کے لئے کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گورننگ بورڈ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک کے تمام ریجنز میں فوری طور پر سکول چمپئن شپ شروع کروائی جائے جس میں گورننگ اور پرائیوٹ سکول بھی شامل ہوں اور اس بارے میں ایک ہفتہ میں اعلان کیا جائے گا ۔پاکستان سپر لیگ شروع ہوا تھا تو ہمیں منافع کی کوئی امید نہیں تھی ۔ماسٹر لیگ اور گراؤنڈ نہ ملنے کی وجہ سے پی ایس ایل کے انعقاد میں کافی مشکلات تھیں ۔ہمیں زیادہ امیدیں نہیں تھی کہ پی ایس ایل کامیاب ہو لیکن اللہ کے فضل سے پی ایس ایل کامیاب ہوئی ۔انہوں نے کہاکہ کوچنگ کمیٹی ،سلیکشن کمیٹی اور دیگر کمیٹیوں کی تشکیل میرا ااختیارہے لیکن میں نے اس سلسلہ میں پھر بھی گورننگ بورڈ کو اعتماد میں لیا ۔انہوں نے کہاکہ محمد اکرم کی جگہ آئندہ دس روز میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے نئے کوچ کی تقرری ہوجائے گی ۔اس موقع پر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی نے کہاہے کہ پاکستان سپر لیگ 2016میں بھی پانچ ہی ٹیمیں کھیلیں گی جبکہ اگلے سال سے ایک ٹیم کا اضافہ کیا جائے گا ۔نجم سیٹھی کا کہناتھا کہ پاکستان سپر لیگ کا پہلا ایڈیشن بہت کامیاب رہاہے ،پاکستان سپر لیگ میں پی سی بی نے اپنی آمدنی 26لاکھ ڈالرز رکھی ہے جبکہ پی سی بی اپنے منافع میں سے 13لاکھ ڈالرز فرنچائزرز کو دیگا ۔ان کا کہناتھا کہ پی ایس ایل 2016میں پانچ ہی ٹیمیں کھیلیں گی جبکہ اگلے سال سے ایک ٹیم کا اضافہ کیا جائے گا ۔