لاہور(نیوزڈیسک) دورہ انگلینڈ کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کے ناموں پر ابتدائی مشاورت مکمل کرلی، فزیکل فٹنس اور تربیتی کیمپ کے لیے کھلاڑیوں کا اعلان ایک دو روز میں ہوجائے گا،کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ 8اور 9مئی کو لاہور میں ہوں گے جبکہ ایبٹ آباد کے بعد قومی ٹیم کا کیمپ راولپنڈی اور انگلینڈ میں لگانے کی تجاویز زیر غور ہیں ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم جولائی سے ستمبر تک انگلینڈ میں چار ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی کھیلے گی۔ اس حوالے سے قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کے ناموں پر ابتدائی مشاورت مکمل کرلیہے اور عمر اکمل کی تینوں فارمیٹ سے چھٹی کا امکان ہے۔خالد لطیف، خرم منظور اور افتخار احمد کی ون ڈے اسکواڈ میں واپسی کا فیصلہ ہوگیا۔محمد عامر اور سلمان بٹ کی شمولیت ویزہ کلیئرنس سے مشروط ہے، دونوں کو فزیکل فٹنس کیمپ میں بھی طلب کیے جانے کا امکان ہے۔نوجوان بلے باز بابر اعظم کو ٹیسٹ جبکہ اسد شفیق کو ون ڈے سکواڈ میں بھی شامل کئے جانے امکان ہے۔ذرائع کے مطابق نوجوان فاسٹ باولرز حسن علی، عماد بٹ اور محمد عباس کے نام بھی زیر غور ہیں۔یاسر شاہ کی تینوں فارمیٹ میں واپسی یقینی ہے جبکہ شعیب ملک کی ون ڈے اسکواڈ میں شمولیت مشکل نظر آرہی ہے۔محمد حفیظ ، وہاب ریاض ،عماد وسیم کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں جاری پاکستان کپ میں قومی سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کا جائزہ لے رہی ہے اور کپ کے اختتام پر سلیکشن کمیٹی کیمپ کیلئے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کرے گی جن کا آٹھ اور نو مئی کو لاہور میں فٹنس ٹیسٹ لیا جائیگا۔ جس کے دو تین روز کے وقفے کے بعد ان کرکٹرز کا آرمی ٹرینرز کی نگرانی میں دو ہفتے کا ایبٹ آباد میں کیمپ لگے گا۔ دورہ انگلینڈ پر قومی ٹیم کی انتیس جون کو روانگی سے پہلے قومی ٹیم کا دو ہفتے کا تربیتی کیمپ راولپنڈی یا انگلینڈ میں لگانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔