لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کو اس سال متحدہ عرب امارات میں ایک ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی تجویز دی ہے ۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان سے سیریز کھیلنے والی ہے جس میں دو ٹیسٹ پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل شامل ہیں۔واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اس سال آسٹریلیا کے دورے میں برسبین میں ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلے گی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ آسٹریلوی دورے سے قبل اسے ایک اور ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کا موقع مل جائے۔ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پاکستان میں کھیلنے کی تجویز مسترد کرچکا ہے۔گذشتہ سال ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کی کامیابی کے بعد متعدد کرکٹ بورڈز نے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کو بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اچھے اضافے کے طور پر دیکھتے ہوئے اس میں دلچسپی ظاہر کی ۔بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ اس سال نیوزی لینڈ کی ٹیم کے دورے میں ایک ڈے نائٹ ٹیسٹ کی میزبانی کریگا۔آسٹریلیا اس سال پاکستان کے علاوہ جنوبی افریقہ کے خلاف بھی ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنا چاہتا ہے تاہم جنوبی افریقی کرکٹرز رات میں گلابی گیند کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ نہ ہونے کے سبب ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پر رضامند نہیں ہوئے ہیں۔