اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستانی بیٹسمین یونس خان نے پاکستان کپ کے دوران پیش آنے والے واقعے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے اس ٹورنامنٹ میں دوبارہ کھیلنے کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔یونس خان نے پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان سے فون پر بات کی جو اس وقت آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کیلئے دبئی میں ہیں۔یونس خان نے امپائرنگ کے سلسلے میں پیش آنے والے واقعے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے شہر یار خان سے کہا کہ وہ ٹورنامنٹ میں دوبارہ کھیلنا چاہتے ہیں۔یونس خان نے کہاکہ چونکہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے مشیر بھی ہیں اور اس ناتے ان کا فرض بنتا ہے کہ وہ ملک میں کرکٹ کے فروغ کی کوششوں کے طور پر ڈومیسٹک کرکٹ کے سب سے بڑے ون ڈے ٹورنامنٹ میں حصہ لیں۔ذرائع نے بتایا کہ یونس نے خان واقعہ پر معافی بھی مانگ لی یاد رہے کہ یونس خان جو اپنے مخصوص سخت مزاج کے لیے مشہور ہیں پاکستان کپ میں امپائرز کے فیصلوں سے ناراض ہوکر ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑ کر چلے گئے تھے ۔یونس خان کے سخت رویے کے بارے میں امپائرز نے میچ ریفری سے شکایت کی تھی جس پر انہیں میچ کے بعد طلب کیا گیا تھا تاہم وہ میچ ریفری کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے۔میچ ریفری نے یونس خان پر میچ فیس کا پچاس فیصد جرمانہ عائد کیا تھا جو سماعت میں پیش نہ ہونے کے نتیجے میں سو فیصد ہوگیا تھا۔