لاہور( نیوز ڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر ڈائریکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا عہدہ سنبھالنے پر تیار ہو گئے جسکے ان کے چیئرمین پی سی بی سے معاملات طے پاگئے۔ذرائع کے مطابق دبئی میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے مدثر نذر سے ملاقات کی ہے جس میں تمام معاملات طے پاگئے ہیں اور ان کو مکمل اختیارات دینے کا مطالبہ مان لیا گیا ہے۔ سابق آل راؤنڈر سے مالی معاملات بھی طے پاگئے ہیں جس کے بعد انہوں نے این سی اے ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔انضمام الحق کو چیف سلیکٹر مقرر کرنے کے بعد پی سی بی نے دوسری ہائی پروفائل تقرری کی ہے۔ مدثر نذر ایک دو روز میں پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ وہ قومی ٹی ٹونٹی فرنچائز لاہور قلندر کے چیف ایڈوائزر کا عہدہ بھی سنبھالیں گے۔مدثر نذر نیشنل اکیڈمی کو فعال اور موثر بنانے کے لئے بورڈ کو مکمل پلان پیش کریں گے۔ وہ ان دنوں آئی سی سی گلوبل کرکٹ اکیڈمی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سابق آل راؤنڈر نے اڑتالیس ٹیسٹ میچز میں 4114رنز بنا رکھے ہیں جن میں دس سنچریاں اور17ففٹیز بھی شامل ہیں۔ مدثرنذر نے 66وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔ 122ایک روزہ میچوں میں انہوں نے 2653رنز اسکور اور111وکٹیں لیں۔ وہ ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے والے پہلے بولر بھی ہیں۔