نیویارک (نیوزڈیسک)مریکی جریدے ٹائم نے دنیا کے سب سے بااثر افراد کی سالانہ فہرست جاری کر دی ہے۔بااثر سیاسی شخصیات کے زمرے میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے علاوہ روس، امریکہ اور چین کے صدور بھی شامل ہیں تاہم گذشتہ دو برس سے اس فہرست میں شامل ہونے والے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اس مرتبہ بااثر ترین عالمی شخصیتوں میں شمار نہیں کیے گئے۔مودی کے برعکس انڈیا سے اداکارہ پریانکا چوپڑا اور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سمیت متعدد نام اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ۔ثانیہ نے 2015 اور 2016 کے دوران اپنی ساتھی سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگس کے ساتھ مل کر ومبلڈن، یو ایس اوپن اور آسٹریلیئن اوپن گرینڈ سلام ٹینس مقابلے جیتے ۔ثانیہ مرزا کے بارے میں میگزین میں لکھتے ہوئے مشہور کرکٹر سچن تندولکر نے کہا کہ ان کا اعتماد، طاقت اور عزم ٹینس سے کہیں آگے تک پہنچ چکا ہے۔ انھوں نے ایک انڈین نسل کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے خواب پورے کرنے آگے بڑھیں اور یقین کریں کہ وہ بھی بہترین بن سکتے ہیں۔ثانیہ مرزا کے علاوہ فہرست میں شامل دوسری انڈین خاتون اداکارہ پرینکا چوپڑہ ہیں جو امریکی ٹی وی پر کسی بھی سیریز میں مرکزی کردار ادا کرنے والی پہلی انڈین بنی ہیں۔ٹی وی سیریزکوانٹیکو‘ میں ایف بی آئی ایجنٹ کے کردار نے نہ صرف پرینکا کو پیپلز چوائس ایوارڈ‘ حاصل کرنے والی پہلی جنوبی ایشیائی اداکارہ بنایا بلکہ وہ رواں برس آسکرز کے میزبانوں میں بھی شامل ہوئیں۔ٹائم نے پہلی مرتبہ آسکر ایوارڈ جیتنے والے اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو کو بھی بااثر ترین افراد میں شامل کیا ۔بھارت سے جو دیگر افراد عالمی سطح پر بااثر قرار دیے گئے ہیں ان میں انڈین ریزرو بینک کے گورنر رگھو رام راجن اور انٹرنیٹ شاپنگ کمپنی فلپ کارٹ کے بانی بنی بنسل اور سچن بنسل شامل ہیں۔