لاہور (این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے پانچ غیر ملکی میدان میں آگئے ، درخواست گزاروں میں مکی آرتھر ، پیٹر مورس ، سٹیورٹ لا اور فلاور برادران شامل ہیں ۔ قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور ہیڈ کوچ بننے کے لیے پر تول رہے ہیں ۔ گرانٹ فلاور دو سالہ دور میں قومی بلے بازوں کو بیٹنگ کے گر سکھانے میں ناکام رہے ۔ گرانٹ فلاور کے بڑے بھائی اینڈی فلاور بھی گرین شرٹس کی کوچنگ کے لیے میدان میں آگئے ۔ جدید کرکٹ سے واقفیت رکھنے والے اینڈی فلاور کی کوچنگ میں انگلینڈ نے ایشز سیریز اپنے نام کی ۔ کراچی کنگز کے کوچ مکی آرتھر بھی شاہینوں کی کوچنگ کے لیے بے تاب ہیں ۔ پیٹر مورس نے بھی پاکستان کی کوچنگ کے لیے آمادگی ظاہر کر دی ہے ۔ سسکس کانٹی کے سابق کپتان کو دو مرتبہ انگلینڈ کی کوچنگ سے برطرف کیا گیا ۔ آسٹریلیا کے سٹیورٹ لا اور جمی سیڈنز بھی کوچنگ کے امیدواروں میں شامل ہیں ۔ سیڈنز کو شیفلڈ شیلڈ جبکہ سٹیورٹ لا کو سری لنکا اور بنگلادیش کی کوچنگ کا تجربہ حاصل ہے ۔