لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے حال ہی میں تعینات کیے جانے والے نئے چیف سلیکٹر انضمام الحق جذبہ حب الوطنی کے تحت افغان کرکٹ بورڈ سے ہونے والی 12 لاکھ روپے کی آمدنی کو ٹھکرا کر انتہائی کم تنخواہ پر پی سی بی کے ساتھ کام کرنے پر رضامندہوئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی کی سینئر سلیکشن کمیٹی کے چیف سلیکٹر کے عہدے پر تعینات ہونے والے قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق تنخواہ میں بھاری کٹوتی کے بعدافغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ملنے والے 12 لاکھ کی بجائے پاکستان کرکٹ بورڈ سے صرف 4 لاکھ روپے تنخواہ وصول کریں گے۔علاوہ ازیں انضمام الحق اپنی تنخواہ میں 8 لاکھ روپے کی کٹوتی کیلئے جذبہ حب الوطنی کے تحت برضا و رغبت تیار ہوئے۔ انضمام الحق کا کہنا تھاکہ قومی فریضے کے سامنے پیسوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور وطن کی خدمت کرتا رہوں گا۔پی سی بی کی جانب سے انضمام الحق کو چیف سلیکٹر کے عہدے کیلئے دیگر امیدواروں محسن حسن خان، اقبال قاسم اور معین خان پر ترجیح دی گئی اور چیف سلیکٹر تعینات کیا گیا ہے۔انضمام الحق نے بطور کھلاڑی پاکستان کی طرف سے 120 ٹیسٹ اور 398 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں۔ ۔