لاہور (این این آئی)سابق کپتان انضمام الحق کا استعفیٰ افغان کرکٹ بورڈ کو موصول ہوگیا ہے جس کی چیئرمین افغان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق انضمام الحق نے پی سی بی کی جانب سے قومی ٹیم کا چیف سلیکٹر بنائے جانے کے بعد افغان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ اپنے استعفیٰ میں انہوں نے کہا ہے کہ قومی مفاد کی خاطر میں افغان ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ نہیں سنبھال سکتا اس لیے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔علاوہ ازیں پی سی بی چیئرمین نے افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے رابطہ کیا اور ان سے انضمام الحق کے حوالے سے گفتگو کی ۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ ہم افغان کرکٹ بورڈ کو فوری طور پر ہیڈ کوچ فراہم کرسکتے ہیں ۔ افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شفیق اللہ ستنکزئی کا کہنا تھا کہ اپنا ملک سب سے پہلے ہونا چاہیے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہمیشہ ساتھ دیا ہے اور اس سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں انضمام الحق کا استعفیٰ بذریعہ ای میل موصول ہوا ہے جسے منظور کرلیا گیا ۔