اسلام آباد(نیوزڈیسک)کرکٹ کی دنیا میں آئے روز نئے نئے ریکارڈز بنتے رہتے ہیں ، مگر قارئین یہ پڑھ کر حیران ہونگے کہ کرکٹ کی دنیا میں اب تک کا بننے والا سب سے بڑا ریکارڈ خواتین کا ہے۔تفصیلات کیمطابق خواتین کے ڈومیسٹک ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں زرعی ترقیاتی بینک کی ٹیم نے سب سے زیادہ ٹوٹل کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت کروایا جانے والا خواتین کا قومی ڈومیسٹک ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ جاری ہے۔اس سلسلے میں زرعی ترقیاتی بینک اور ملتان کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں ایک حیران کن عالمی ریکارڈ بن گیا ہے۔زرعی ترقیاتی بینک کی ٹیم نے ملتان کیخلاف بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 504 رنز بنا ڈالے۔ زرعی ترقیاتی بینک کی جانب سے بسمہ معروف نے 159 رنز جبکہ جویریہ خان نے 150 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں 50 اوورز میں بنایا جانے والا یہ سب سے بڑا ٹیم ٹوٹل ہے۔