لاہور(نیوز ڈیسک)لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کیلئے ٹیم کے کپتان اظہر علی سمیت کھلاڑیوں کی تبدیلی کا عندیہ دے دیا جبکہ یاسر شاہ نے دورہ انگلینڈ میں پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر تین ماہ کی پابندی کی سزا بھگتنے والے رائٹ آرم لیگ اسپنر یاسر شاہ کے اعزاز میں لاہور قلندر نے تقریب کا انعقاد کیا۔ٹیم کے مالک رانا فواد کا کہنا تھا کہ لیگ کے پہلے ایڈیشن میں یاسر شاہ کی کمی شدت سے محسوس ہوئی۔ٹیم کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اگلے ایڈیشن میں تبدیلیاں ضرور ہوں گی۔لیگ اسپنر یاسر شاہ نے بھی پی ایس ایل نہ کھیلنے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اگلے ایڈیشن میں وہ ان ایکشن دکھائی دیں گے جبکہ کم بیک کے بعد دورہ انگلینڈ میں شاندار کارکردگی دکھانا ہدف ہے۔اعجاز احمد نے پاکستان کپ کیلئے ٹیموں کے انتخاب میں ڈومیسٹک میں عمدہ کارکردگی دکھانیوالے کرکٹرز کو نظر انداز کرنے کے تاثر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کپتان اور کوچیز نے کمبی نیشن کو مدنظر رکھ کر ٹیمیں بنائیں۔