لاہور (نیوز ڈیسک ) چیئر مین پی سی بی شہریار خان نے ایک مرتبہ پھر پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی واپسی کی نوید سنا دی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی سالان جنرل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں ، ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے جائلز کلارک نے بھی کوششیں کی ہیں ، انہوں نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے لیے کوچز اور بجٹ بھی تیار کرلیا ہے۔چیئر مین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ فاٹاا ور بلوچستان میں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے جسے سامنے لانے کی ضرورت ہے۔شہریار خان نے شرکاءکو ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلئے کوششوں سے بھی آگاہ کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ افغانستان ، کینیا ، زمبابوے اور بنگلادیش کی خواتین ٹیمیں رواں برس پاکستان کا دورہ کرسکتی ہیں ۔ اس کے علاوہ گورننگ باڈی کے سربراہ اور چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے شرکاءکو پی ایس ایل کے حالیہ ایونٹ پر بریفنگ بھی دی ۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کی بہت بڑی کامیابی تھی اور اس کے مالی حوالے سے بہترین نتائج ملے ۔