ایپوہ (این این آئی)سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔ سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا اب تک کا سب سے بڑا مقابلہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ہوا، جس میں پہلا گول بھارت کی جانب سے کیا گیا جس کے بعد پاکستان کے محمد محمد عرفان نے ایک گول کیا تاہم اس کے بعد پاکستانی ٹیم مقابلہ برابر کرنے میں لگی رہی اور دوسری طرف سے بلیو شرٹس گول پر گول داغتے رہے، اور بھارتی ٹیم نے 4 گول اسکور کیے، یوں بھارت نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔یاد رہے کہ ایونٹ میں اب تک قومی ہاکی ٹیم کو3 میچز میں سے صرف ایک میں کامیابی حاصل ہوئی، پاکستانی ٹیم نے پہلے میچ میں کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں3 گول سے شکست دی تھی تاہم اس کے بعد اگلے دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، نیوزی لینڈ نے اسے 3 کے مقابلے میں 5 گول سے ہرایا ٗ دفاعی چمپئن آسٹریلیا نے گرین شرٹس کو صفر کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دی، پاکستان اپنا پانچواں میچ 13 اپریل کو ملائیشیا اور چھٹا 15 اپریل کو جاپان کے خلاف کھیلے گا۔