لاہور( نیوزڈیسک) سابق فاسٹ بولر و متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ ماضی میں جب بورڈ کو ڈیو واٹمور کو عہدے سے ہٹانا تھا تو کہاجاتا تھا کہ کھلاڑیوں کو اردو سمجھ نہیں آتی،اب بورڈ نے کھلاڑیوں کو کونسے کورسز کروادیئے ہیں جن کی وجہ سے سب ہی انگلش سمجھنے لگے ہیں؟ میں کوچنگ کے لئے کسی سے بھیک نہیں مانگوں گا ۔ ایک انٹر ویو میں عاقب جاوید نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کا فائدہ صرف ملکی کوچ رکھنے میں ہے۔ خود چیئرمین صاحب نے مجھ سے پوچھا تھا کہ میں کوچ بننے کے لئے تیار ہوں یا نہیں لیکن اب انہوں نے دو رکنی کمیٹی بنادی ہے اور سب کو ہی پتہ ہے کہ دونوں غیر ملکی کوچ لانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رمیض راجہ ٹام موڈی کے لئے اور وسیم اکرم ڈین جونز کے لئے لابنگ کررہے ہیں اوراس وقت دونوں ہی غیر ملکی کوچز پاکستان کی کوچنگ میں دلچسپی نہیں لے رہے پھر بھی بورڈ ہاتھ باندھ کر ان کی منتیں کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے متحدہ عرب امارات کا بورڈ عزت دیتا ہے اگر پی سی بی کو کوچ نہیں بنانا تو انہیں بھی کوچ بننے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ میں کوچ بننے کے لئے کسی سے بھیک نہیں مانگوں گا۔