لاہور(نیوزڈیسک) قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ جب کوئی محنت کرتا ہے تو نتیجہ نکلتا ہے ،اگر نتیجہ نہیں نکل رہا اور آپ کی خامیاں وہی ہیں جو آپ کے ڈیبیو کے وقت پر تھیں تو پھر کوئی بھی ذمہ دار نہیں ۔ایک انٹر ویو میں اظہر علی نے کہا کہ ایسا تو ہو نہیں سکتا کہ آپ کا ڈومیسٹک،انٹرنیشنل اور اکیڈمی کا کوچ سب ہی نکمے ہیں اور آپ کی غلطیاں نہیں سدھار پارہے تو کہیں نہ کہیں آپ کو خود ہی اپنی کارکردگی پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ میرا اسٹائل فلاں ہے اور میں اپنا نیچرل گیم کھیلنا چاہتا ہوں تو میرے خیال سے اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔ٹیم کو ایک بہترین بیٹسمین کی ضرورت ہوتی ہے ا ور کرکٹ کا کھیل یا آپ کا ملک آپ کی ذات سے بہت بڑا ہے۔اپنی ذات کیلئے کھیلنے والے پاکستانی کرکٹرزکے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے اظہرعلی نے کہاکہاگر آپ ٹیم کی ضرورت کے مطابق نہیں کھیل سکتے تو پھر آپ کو ٹیم گیم نہیں کھیلنا چاہیے ، بہت سے کھیل ہیں جہاں آپ اپنی ذاتی کارکردگی سے خود کو منواسکتے ہیں آپ ٹینس کھیلیں،اسکواش کھیلیں یا ٹیبل ٹینس شروع کردیں ٹیم گیم میں ہر کھلاڑی کا ایک کردار ہوتا ہے اور اگر کوئی اپنا کردار پورا نہیں کرتا تو پھر ٹیم کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔