کراچی(نیوزڈیسک)اسکواش کے عظیم ترین کھلاڑی جہانگیر خان نے رواں ماہ کراچی میں مصر سے ہونے والے سیریز کو سراہتے ہوئے کا ہے کہ امید ہے سیریز سے صف اول کے کھلاڑیوں کو ملک میں کھیل کی دوبارہ بحالی میں مدد ملے گی۔ایک انٹرویو میں جہانگیر خان نے کہا کہ رواں ہفتے ہونے والی مصر سے ہونے والی نمائشی سیریز میں عالمی نمبر چار عمر موساد اور عالمی نمبر دس طارق مومن کی شرکت سے ایک مرتبہ پھر ملک میں اس کھیل کیلئے دلچسپی میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے کھلاڑیوں کیلئے ایک اچھا تجربہ ثابت ہو گا کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ وہ صف اول کے مصری کھلاڑیوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے لیکن اب بھی اگر انہیں مواقع فراہم کیے جائیں تو ان کا کھیل بہتر ہو سکتا ہے۔اسکواش کے سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ اس سے غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آنے کیلئے حوصلہ افزائی ہو گی اور ہمیں ملک میں کھیل کی بحالی میں مدد ملے گی۔