لاہور ( این این آئی) قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہاہے کہ ٹیم کی کپتانی میرے لیے اعزاز کے ساتھ بہت بڑی ذمہ داری بھی ہے جسے نبھانے کی پوری کوشش کروں گا جبکہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ ٹیم کی قیادت کا موقع ملے گا۔ایک انٹرویو میں قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کپتانی میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے اور ساتھ ہی یہ بہت بڑی ذمہ داری بھی تاہم امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ قومی ٹیم کی قیادت کرنے کا موقع ملے گا صرف اتنی ہی خواہش تھی کہ اپنے ملک کے لئے کرکٹ کھیلوں لیکن اللہ کے کرم سے مجھے بڑا موقع ملا ہے جس کے لئے پی سی بی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر بھروسہ کیا۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میں جتنے بھی کپتانوں کے ساتھ کھیلا ان سے کافی تجربہ حاصل کیا جو اپنی کپتانی میں استعمال کرنے کی کوشش کروں گا، ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی بہت ہی اچھے اور تعاون کرنے والے ہیں جبکہ میں ہر ایک کھلاڑی کی عزت کروں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلوں اور جس نمبر پر ٹیم کو ضرورت ہوئی اسی پر کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا اور ٹیم کے لئے اچھا لائحہ عمل بنانے کی کوشش کروں گا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں