نیو دہلی(نیوز ڈیسک ) ممتاز بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے اچانک صحت کے مسائل کی وجہ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ خبر شائقین کرکٹ کیلئے سال کی سب سے حیران کن ہے۔ ایکسپریس ٹربیون کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ ’بی سی سی آئی‘ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ویرات کوہلی ورلڈٹی 20میں ایک ہیرو جیسا کھیل پیش کررہے ہیں لیکن گزشتہ رات چھاتی میں درد کے بعد ان میں دباؤ اور دل کی تکلیف کا پتہ چلا۔جمعرات کی رات کو ویسٹ انڈیز نے انڈیا کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کرلی تھی جہاں انگلینڈ کیساتھ مقابلہ کرے گی جبکہ کوہلی نے اپنے مداحوں سے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ آپ کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکا لیکن اب مجھے اپنا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔سب سے بڑھ کر یہ کہ بھارتی کپتان ایم ایس دھونی نے میچ کے بعد گفتگومیں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان واپس لے کر میلہ لوٹ لیا ۔ کہا جا رہا ہے کہ ویرات کوہلی کے دوست اور ساتھی بھی اس فیصلے پر حیران ہیں۔ کرکٹر کے اس فیصلے پر بھارتی شائقین کی طرف سے غصے اور افسوس کا اظہار کیاجا رہا ہے ۔کیا آپ اس خبر کو پڑھ کر بے وقوف بن گئے ؟ واضح رہے کہ اس خبر میں کوئی حقیقت نہیں بلکہ انگریزی اخبار کی طرف سے قارئین کو یکم اپریل کی مناسبت سے ’فول ‘بنایاگیا۔