لاہور(نیوز ڈیسک) ایشیا ءکپ اور ورلڈ ٹی ٹونٹی میں قومی ٹیم کی ناقص کاکردگی کا جائزہ لینے کے لیے بنائی گئی پی سی بی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے اپنی رپورٹ تیار کر لی ہے ،رپورٹ میں کوچ وقار یونس کو فور ی طور پر فارغ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق انکوائری کمیٹی کی جانب سے چیئر مین پی سی بی کو بھجوائی گئی رپورٹ میں قومی ٹیم کی ناقص کاکردگی کا ذمہ دار ہیڈ کوچ وقار یونس ، ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی اور سلیکشن کمیٹی کے مابین جاری تنازعات کو قراردیا ،رپورٹ میں کوچ ،کپتان اور سلیکشن کمیٹی کے مابین ٹیم کی سلیکشن کے مابین رابطوں کا بھی فقدان رہا ، کوچ ، کپتان اور ٹیم منیجر کے مابین ٹیم کی سلیکشن پر بھی تنازعات رہے جبکہ سلیکشن کمیٹی نے دونوں ایونٹس میں حالات کے مطابق ٹیم سلیکٹ کرنے میں کوتاہی برتی۔انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ہیڈ کوچ وقار یونس کو فوری طور پر عہدے سے فارغ اور سلیکشن کمیٹی کو گھر بھیج کر نئی سلیکشن کمیٹی بنائی جائے جبکہ کپتان شاہد آفرید ی کو اب کبھی قیادت نہ سونپی جائے۔ذرائع کے مطابق رپورٹ میں مسلسل خراب کاکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو نظر انداز کرکے ڈومیسٹک کرکٹ تک محدود رکھنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔